وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں جو بندشیں اور پابندیاں عائد کی گئی ہیں انھیں ملک گیر سطح پر 14 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں قومی رابطہ کونسل کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاق، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے نمائندوں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے جاری قدغنوں اور بندشوں کا سلسلہ مزید دو ہفتوں کے لیے پورے پاکستان میں جاری رکھا جائے گا۔
’اس سے پہلے ملک کی مختلف اکائیوں (صوبوں اور وفاق) نے بندشوں کے حوالے سے الگ الگ فیصلے کیے تھے اور اس حوالے سے الگ الگ تاریخیں چل رہی تھیں، مگر اب سب نے مل کر متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ اگلے دو ہفتوں تک، یعنی یکم اپریل سے 14 اپریل تک، موجودہ صورتحال کو جاری رکھا جائے گا۔‘
اسد عمر کا کہنا تھا کہ 14 اپریل سے قبل قومی رابطہ کونسل کی ایک اور میٹنگ ہو گی جس میں اس وقت کے زمینی حقائق دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا عائد کردہ قدغنوں کو کم کیا جائے، مزید بڑھایا جائے یا بدستور اسی سلسلے کو جاری رکھا جائے۔